میسورو14؍نومبر (ایس او نیوز) میسورو اور ہونسور کے درمیان پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں الال و تھوکٹوکے تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق صبح 4بجے کے وقت پیش آئے اس حادثے میں موقع پر ہی ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالحمید (40سال)، ان کے فرزند عاقب (18سال) اور بھائی اقبال (34سال) کے طور پر کی گئی ہے۔کہاجاتا ہے کہ تھوکٹو کے رہنے والے ایک ہی خاندان کے 17افراد پر مشتمل ایک گروپ میسورو اور اطراف کے مقامات کی سیاحت کے لئے ٹیمپو ٹراویلر میں روانہ ہوا تھا۔مگر سیاحت کا یہ سفر کچھ لوگوں کے لئے اس وقت موت کا سفر بن گیا جب ان کی ٹیمپو سے ایک ٹرک کی ٹکر ہوگئی۔پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کیا اور زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا۔ جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔